کیا بارسلونا میں استقبال اور پیروی کی خدمات موجود ہیں؟
شہری حکومت پناہ کے حوالے سے بین الاقوامی حق کی ذمہ داری کو پورا کرنے کی پابند ہے اور یقین دہانی کرتی ہے کہ بارسلونا آنے والے افراد کے بنیادی حقوق مکمل طور پر تسلیم کیے جائیں اور ان کا اطلاق ہو۔
اسی وجہ سے "بارسلونا، شہرِ پناہ" منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ تمام ضرورت مند مہاجرین کی شہری وسائل کے مطابق مدد اور معاونت کی جا سکے۔
اس کے علاوہ، بارسلونا میں سال 2007 سے خیر مقدمی اور یکجہتی کا جال ہے، جو میونسپل خدمات کے عمل کو اضلاع اور شہری اداروں کے ساتھ ملاتا ہے۔ مقصد سہولت اور ضروری وسائل میں مدد دینا ہے تاکہ تمام مہاجرین، پناہ گزین، بے وطن افراد اور سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کی ذاتی خودمختاری اور سماجی ہم آہنگی کی یقین دہانی ہو۔
جب میں بارسلونا پہنچوں تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟
اگر آپ کے پاس وسائل ہیں یا کوئی جگہ جہاں آپ رہ سکتے ہیں تو سب سے پہلے اندراج (ایمپادرونار ہوں) کروائیں۔ اس سے آپ کو بارسلونا میں رہائش کی اجازت مل جائے گی اور تعلیم و صحت کی سرکاری خدمات تک رسائی ہو سکے گی۔ علاوہ ازیں، شعبہ غیر ملکی (خاندانی ملاپ، سماجی وابستگی، روزگار وابستگی) سے متعلقہ چند کاروائیوں کے لیے اندراج ایک لازمی امر ہے۔
پادرون (مردم شماری) میں اندراج رہائش کے ضلع میں شہری توجہ کے دفتر (OAC) میں ہوتا ہے۔
اس صورت میں کہ آپ کے پاس رہائش اور وسائل نہ ہوں سائیر (SAIER) کے دفتر جائیں، جو کہ مہاجرین کے لیے مفت میونسپل خدمت ہے، تارکین وطن اور پناہ گزینوں کا بلدیہ (آئیونتامیِنتو) دیگر سماجی اداروں کے ساتھ مل کر بندوبست کرتی ہے۔
یہ کایے پارالیل نمبر 202 تا 204 (calle del Paral·lel, 202-204) میں واقع ہے۔ میٹرو Plaça d’Espanya (لائن سبز اور سرخ)۔
سائیر (SAIER) کون سی خدمات پیش کرتا ہے؟
سائیر بین الاقوامی منتقلی کا ماہر ہے اور مختلف خدمات فراہم کرتا ہے:
- خوش آمدید اور شہر کے متعلق معلومات
- شعبہ غیر ملکی سے متعلق قانونی رہنمائی اور عمل کے لیے دستاویز کاری
- سیاسی پناہ اور بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان کے لیے قانونی رہنمائی
- مہاجرین اور پناہ گزینوں کے لیے سماجی معاونت
- رہائش کے متعلق معلومات
- اسناد کی تسلیم کاری اور جواز کاری
- کاتالان اور اسپینش، شہر میں استعمال ہونے والی دونوں سرکاری زبانیں سیکھنے کے لیے معلومات
کیا سائیر مجھے رہائش اور سماجی معاونت فراہم کرے گا؟
سائیر شہر کی رہائش گاہوں اور سرکاری لنگر خانوں کے نیٹ ورک کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے اور وہ خاندان جن کے ساتھ نو عمر بچے ہوں، کی مدد کرتا ہے یا ایسے معاملات میں جو زیادہ حساس ہوں جس دوران انہیں ریاست کے معاونتی پروگرام تک رسائی نہ ہو۔
سائیر، غیر یورپی افراد کو بھی سماجی معاونت فراہم کرتا ہے جنہیں شہر میں تھوڑا عرصہ ہوا ہو اور ان کی صورتحال باقاعدہ نہ ہو اور ان کا کوئی پتہ نہ ہو۔
باقی آبادی کے لیے، بارسلونا میں شہر کی سماجی خدمات کے مراکز (CSS) پر مبنی بنیادی سماجی معاونت کا نیٹ ورک موجود ہے جو علاقے میں سماجی اداروں، انسٹیٹیوٹ اور انجمنوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ملاقات کے لیے ضروری ہے کہ پہلے 93 619 73 11 پر کال کر کے وقت لیں۔
کیا مجھے حق حاصل ہے کہ میں ڈاکٹر کے پاس جا سکوں اور صحت کی خدمات تک رسائی حاصل کر سکوں؟
تمام افراد جو بین الاقوامی تحفظ کی درخواست دیتے ہیں انہیں سرکاری نظام صحت کے تحت عمومی صحت کے بیمہ پر رسائی حاصل ہے۔ اس کے لیے انفرادی صحت کارڈ (TSI) حاصل کرنا ضروری ہے جسے رہائشی مقام کے ابتدائی مرکز صحت (CAP) میں بذریعہ درخواست حاصل کرنا ہو گا۔
کیا حفاظتی ٹیکہ جات لازمی ہیں؟
نہیں لازمی نہیں ہیں، لیکن تجویز کیے جاتے ہیں۔ جینیرالیتات دے کاتالونا کا شعبہ صحت بچوں کے لیے چند عمومی نوعیت کے ٹیکہ جات تجویز کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، بالغان کے لیے ان کی ذاتی یا ماحولیاتی صورتحال کے تحت انفرادی نوعیت کے کچھ ٹیکے بھی تجویز کرتا ہے۔ دونوں صورتوں میں، مقصد عوام کی بہبود اور ہمارے ماحول میں ممکنہ انفیکشن کی روک تھام ہے۔
کیا بچوں کے لیے اسکول داخل ہونا لازمی ہے؟
6 سے 16 سال کی درمیانی عمر کے بچوں کے لیے اسکول میں داخلہ لازمی ہے اور یہ خدمت مفت ہے۔ اگر ان کی عمر 3 سے 12 کے درمیان ہے تو انہیں بچوں کے تعلیمی مرکز اور پرائمری (CEIP) میں، اور اگر ان کی عمر 12 سے 16 سال کے درمیان ہے تو سیکنڈری تعلیمی انسٹیٹیوٹ (IES) میں داخل ہونا چاہیے۔ بارسلونا میں 0 تا 3 سال کے بچوں کے لیے سرکاری ڈے کیئر کا نیٹ ورک بھی موجود ہے لیکن لازمی نہ ہونے کی وجہ سے یہ مفت نہیں ہیں۔
اندراج اور داخلے کے لیے درخواست کردہ کاروائی تعلیمی مرکز میں ہی ہو گی۔ اگر کورس پہلے سے شروع ہو چکا ہے تو نشست کے لیے کنسورشیم تعلیم بارسیلونا کے دفتر میں درخواست دینا ہو گی۔ یہ plaza de Urquinaona, 6 میں واقع ہے۔ فون۔ 93 551 10 50
اس ربط پر آپ کو بارسلونا شہر میں تعلیم کے متعلق تمام معلومات ملیں گی۔
کیا بارسلونا خواتین کے لیے مخصوص خدمات فراہم کرتا ہے؟
ہاں، کیونکہ ہمارے معاشرے میں مرد اور عورت کے درمیان عدم مساوات ابھی برقرار ہے۔
معلوماتی پوائنٹ اور خواتین کی معاونت (PIAM) اضلاع میں قائم میونسپل خدمات ہیں جہاں ان تمام موضوعات پر معلومات اور معاونت فراہم کی جاتی ہے جو خواتین کی دلچسپی اور ان کی پریشانی کا باعث ہوں اور شہر میں انہیں مختلف وسائل تک رسائی فراہم کریں جن میں دیگر کے علاوہ روزگار، اتحاد، ثقافت اور تعلیم سے متعلقہ شامل ہیں۔ PIAM مفت قانونی اور نفسیاتی رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔
بارسلونا میں خواتین کے لیے جنسی تشدد کے متعلق ایک رازدارانہ اور مفت ٹیلیفون پر معاونت کی لائن موجود ہے جو 24 گھنٹے خدمت انجام دیتی ہے۔ 900 900 120
بارسلونا میں کون سی زبانیں بولی جاتی ہیں اور انہیں کیسے سیکھا جا سکتا ہے؟
کاتالونیا میں دو سرکاری زبانیں ہیں، کاتالان اور اسپینش۔ دونوں کو سیکھنے سےشہر میں سماجی اور روزگار کی پیوستگی آسان ہوتی ہے۔
بہت سے ایسے وسائل موجود ہیں جہاں دونوں زبانیں سیکھی جا سکتی ہیں جیسا کہ تعلیم بالغاں کا اسکول یا عوامی لائبریریاں۔
کنسورشیم برائے زبان کی روانی (CPNL) کی جانب سے کاتالان زبان کا کورس، لسانی پناہ، زبان کے لیے رضاکار اور دیگر خدمات پیش کی جاتی ہیں۔
اس کا لسانی پناہ مرکز plaza de Catalunya, 9, 2-1 میں واقع ہے۔ فون۔ 902 075 060
اگر مجھے کام کی تلاش ہو یا کام کیلئے تربیت جاری رکھنی ہو تو مجھے کیا کرنا چاہئیے؟
اگر آپ کے پاس کام یا رہائش کا اجازت نامہ ہے اور آپ کام ڈھونڈنا چاہتے ہیں یا کام کیلئے تربیت جاری رکھنا چاہتے ہیں تو آپ سائیر، معاشرتی روزگار میں پیوستگی میں ممد اداروں، بارسلونا آکتیوا یا تعلیم بالغاں اسکولوں سے روزگار کی سرکاری خدمات کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔
کاتالونا کی پیشہ کی خدمات (SOC) روزگار کے دفاتر اور خودکار خدمات کے پوائنٹ (PAS) کا نیٹ ورک موجود ہے جو روزگار کی تلاش، روزگار کیلئے رہنمائی، تربیتی کورس اور بے روزگاری الاؤنس کے حصول میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
بارسلونا آکتیوا آیونتامینتو کی ایک خدمت ہے جو روزگار تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے پروگرام اور خدمات فراہم کرتی ہے۔
میں اپنی اسناد کی توثیق کیسے کرواؤں؟
اسناد کی توثیق کاری غیر ملکی تعلیم کی اسپین میں سند یا گریڈ کے مساوی ہونے کی سرکاری تصدیق ہوتی ہے۔
تعلیمی معیار، چاہے وہ اعلیٰ تعلیم ہو یا نہ ہو، کی توثیق کاری اور جواز کاری کے لیے SAIER آپ کی رہنمائی کرے گا اور آپ کو فائلیں تیار کرنے میں مدد دے گا۔